مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کے عوام اور قیادت ہر خوشی اور مشکل گھڑی میں ایران کے مخلص دوست رہے ہیں، جبکہ گیلانی نے ایران کے روشن مستقبل اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی و عوامی روابط کے فروغ پر زور دیا۔
تفصیلات کے مطابق تہران میں شہید رہبر انقلاب کو خراج عقیدت پیش کرنے اور پیکر مطہر کی تشییع کے موقع پر پاکستان کی سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران پاکستان کے عوام اور اعلی حکام کی حمایت اور ساتھ کا قدر دان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام خوشی اور مشکل، دونوں اوقات میں ایران کے مخلص دوست ثابت ہوئے ہیں۔
اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جب وہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر تھے تو حضرت امام خمینیؒ کی تشییع میں شرکت کے لیے تہران آئے تھے، جبکہ بعد ازاں وزارت عظمی اور دیگر سرکاری ذمہ داریوں کے دوران بھی کئی مرتبہ ایران کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بیشتر دورے اس دور میں ہوئے جب حضرت آیت اللہ خامنہ ای ایران کے رہبر تھے، اور اس عرصے میں انہوں نے ایران میں نمایاں ترقی اور مختلف شعبوں میں مؤثر پیش رفت کا مشاہدہ کیا۔
یوسف رضا گیلانی نے ایران کے مستقبل کو روشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی ترقی سے پورے خطے میں امن و استحکام کو بھی تقویت ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ اور پاکستان کی سینیٹ کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ عوامی سطح پر روابط اور دونوں ممالک کے حکام کے درمیان مسلسل تعامل سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط اور وسیع ہو سکتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ